سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان ایک بار پھر سڑک پر نکل آئے

Last Updated On 23 January,2019 11:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان ایک بار پھر سڑک پر نکل آگئے۔ انصاف کے متلاشی مظاہرین نے لاہور میں مین فیروز پور روڈ کو دونوں اطراف سے بلاک کر دیا ہے جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور اہل علاقہ ایک بار پھر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ مظاہرین نے احتجاج کے دوران چونگی امرسدھو کے مقام پر مین فیروز پور روڈ کو دونوں اطراف سے بلاک کر دیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

متاثرہ خاندانوں کے ورثا کا کہنا تھا کہ حکومتی عہدیداروں کے متضاد بیانات نے معاملے کو مشکوک بنا دیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے افسران اور اہلکاروں کو معطل کرنے سے معاملات حل نہیں ہو سکتے، خون کا بدلہ خون اور فوری انصاف چاہتے ہیں۔

دوسری جانب واقعہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں جے آئی ٹی نے مقتول خلیل کے بھائی جلیل کو ساہیوال طلب کر لیا ہے جہاں مدعی مقدمہ کی مدد سے سی ٹی ڈی کے زیر حراست اہلکاروں کی شناخت کروائی جائے گی۔