اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان آج میانوالی کا دورہ کر رہے ہیں جس کے دوران وہ نمل یونیورسٹی کے کانووکیشن تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تو وزیراعلی پنجاب اور یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا.
وزیراعظم آج چھٹی کا دن اپنے آبائی شہر میانوالی میں گزاریں گے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے علاوہ دیگر وزرا بھی وزیراعظم کے ہمراہ رہیں گے۔ عمران خان میانوالی کے دورے کے دوران تحریک انصاف کے مقامی رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے جن سے پارٹی کے علاوہ سیاسی صورت حال پر گفتگو ہو گی۔ وزیراعظم، وزیراعلی عثمان بزدار کے ہمراہ لوگوں سے ان کے مسائل بھی سنیں گے۔
عمران خان نمل یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کیلئے پہنچے تو وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور یونیورسٹی انتظامیہ نے استقبال لیا۔ وزیراعظم نمل آرٹ اور بزنس سکول کا افتتاح بھی کریں گے جس کے بعد طلبا اور اساتذہ سے اپنے خطاب میں حکومت کی پالیسیوں خصوصا ملکی معاشی صورتحال پر اپنے موقف سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ میانوالی وزیراعظم عمران خان کا آبائی شہر ہے اور انھوں نے اپنی ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز بھی میانوالی ہاکی سٹیڈیم سے کیا تھا۔