اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے 97 ممالک کے لئے ویزا کی شرائط میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے، بھارت اور اسرائیل کے شہری ویزا نرمی کے فیصلے سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں غیر ملکیوں کے لئے ویزے کی شرائط نرم کرنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات اور وزیر مملکت داخلہ شریک ہوئے۔ سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور چیئرمین نادرا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان آنے والے غیر ملکیوں کے لئے ویزا شرائط نرم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے ویزا نرمی کے لئے مختلف کیٹگریز بنانے کی ہدایت کی۔ ویزا آن ارائیول اور ویزا اجراء کے لئے مدت میں کمی کی کیٹگریز بنائی جائیں گی۔ وزیراعظم نے وزات خارجہ اور وزارت داخلہ کو ہنگامی بنیادوں پر کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ متعلقہ ادارے ویزا اصلاحات کو آسان بنانے کے لئے مربوط انداز میں کام کریں، دنیا کی پاکستان تک رسائی آسان بنائیں گے، سیاحوں اور سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان کو پُرکشش بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے تاجروں اور سیاحوں کو پاکستان آنے کے لئے ویزے میں آسانی پیدا کریں گے۔