اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے وزیر خارجہ شاہ محمود کی میر واعظ عمر فاروق سے ٹیلی فونک گفتگو کے معاملے پر بھارت کے تمام اعتراضات مسترد کر دیئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا بھارت کا میر واعظ عمر فاروق کو دہشتگرد کہنا قابل مذمت ہے، پاکستان بھارتی اعتراضات کو مسترد کرتا ہے، پاکستان نے آج بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے، بھارت اپنے الیکشن میں ہمیں شریک نہ کرے، ظفروال میں سرحد پار کرنیوالے بچے کا معاملہ اٹھایا ہے، بھارت کے ساتھ اس حوالے سے رابطہ کیا ہے۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا سعودی ولی عہد کا دورہ انتہائی اہم ہے، دورہ کی تفصیلات جلد جاری کریں گے، طالبان اور افغان حکومت کے درمیان معاملات ان کے اپنے ہیں، امید ہے افغان طالبان اور حکومت مل کر مسائل حل کرلیں گے، کرتار پور پر پاکستان کی پالیسی واضح ہے، بھارت کا طرز عمل بچگانہ ہے۔ انہوں نے کہا بھارت افغان سر زمین سے پاکستان میں دہشتگردی کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے۔
پاکستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے متعلق امریکی الزامات کو بھی مسترد کر دیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ایسے الزامات نقصان کا باعث بنتےہیں، افغان سر زمین پر داعش کا بڑھنا خطرہ ہے، افغان بارڈر پر داعش کی بڑھتی سرگرمیاں باعث تشویش ہیں۔