لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے نیب نے علیم خان کو مجرم ڈکلیئر کیا نہ ہی ریفرنس دائر ہوا، گرفتاری سے پہلے سپیکر پنجاب اسمبلی کو اعتماد میں لیا گیا، پی ٹی آئی رہنما باعزت بری ہو کر باہر آئیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے عبدالعلیم خان کو حراست میں لیا ہے، وہ دوسری مرتبہ پیش ہوئے، انہوں نے دوران پشیوں کوئی اعتراض نہیں کیا، ایک طرف شریف برادران اور آل شریف ہیں جن کا شور آپ سن رہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ نیب کو سب کا چیک اینڈ بیلنس کرنے کا حق ہے، عبدالعلیم خان کیخلاف کچھ ثابت نہ ہوا تو وہ باہر آجائیں گے، اگر کچھ ثابت ہوا تو نیب کو تحقیقات کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا نیب نے عبدالعلیم خان کو مجرم ڈکلیئر نہیں کیا صرف تحقیقات کیلئے تحویل میں لیا ہے۔