بجلی کی پیداوار کیلئے فرنس آئل کا استعمال ختم کر رہے ہیں، وزیر پیٹرولیم

Last Updated On 11 February,2019 06:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم سیکٹر کے درآمدی بل سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے، ملک میں بجلی کی پیداوار کے لیے فرنس آئل کا استعمال ختم کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ توانائی کے شعبے مین سرمایہ کاری کو فروغ دے رہے ہیں اور اس شعبے میں گڈ گورننس لا رہے ہیں۔ حکومت توانائی کی قلت پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے۔

وزیر پٹرولیم نے کہا کہ پاکستان میں تیل صاف کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کر رہے ہیں۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے تعاون سے ملک میں دو بڑی ریفائنریریاں قائم کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنی نے کنسورشیم میں شامل کمپنیوں کے ساتھ مل کر سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے ڈرلنگ شروع کر دی ہے۔ ملکی توانائی کی ضروریات کے لیے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ بہت اہم ہے۔
 

Advertisement