لاہور: (دنیا نیوز) آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
صبح سویرے آسمان سے گرتی پانی کی بوندوں نے باغوں کے شہر لاہور کا موسم دلفریب بنا دیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج ژالہ باری کی نوید بھی سنائی ہے۔ شہر بے مثل میں بھی سرمئی بادلوں کے ڈیرے ہیں، بادلوں کے تیور بتا رہے ہیں کہ کسی بھی وقت چھلک سکتے ہیں، ہر منظر خوش کن نکھرا نکھرا سا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں رم جھم اور کن من نے سردی کی شدت بڑھا دی، ساہیوال، فیصل آباد، بھکر، شیخوپورہ، پاکپتن، پنڈی بھٹیاں، میاں چنوں، حافظ آباد میں بارش کے ساتھ ہی ٹھنڈی اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سانگلہ ہل شہر اور مضافات میں بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی۔ خانقاہ ڈوگراں، کاہنہ، میاں چنوں، ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد سرد ہوائیں چلنے لگیں۔
ایبٹ آباد، مانسہرہ، مری، پشاور، مردان اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے دیر بالا میں 53 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، چترال، سوات، کالام، ناران میں برفباری جاری ہے۔ بارشوں سے ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا۔