لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں کہیں رم جھم اور کہیں بوند اباندی نے موسم رنگین کر دیا۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی شہروں میں بھی بادل خوب برسے، برفباری کے بعد آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
صبح سویرے آسمان سے گرتی پانی کی بوندوں نے باغوں کے شہر لاہور کا موسم دلفریب بنا دیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج ژالہ باری کی نوید بھی سنائی ہے۔ شہر بے مثل میں بھی سرمئی بادلوں کے ڈیرے ہیں، بادلوں کے تیور بتا رہے ہیں کہ کسی بھی وقت چھلک سکتے ہیں، ہر منظر خوش کن نکھرا نکھرا سا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں رم جھم اور کن من نے سردی کی شدت بڑھا دی، ساہیوال، فیصل آباد، بھکر، شیخوپورہ، پاکپتن، پنڈی بھٹیاں، میاں چنوں، حافظ آباد میں بارش کے ساتھ ہی ٹھنڈی اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سانگلہ ہل شہر اور مضافات میں بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی۔ خانقاہ ڈوگراں، کاہنہ، میاں چنوں، ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد سرد ہوائیں چلنے لگیں۔
ایبٹ آباد، مانسہرہ، مری، پشاور، مردان اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے دیر بالا میں 53 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، چترال، سوات، کالام، ناران میں برفباری جاری ہے۔ بارشوں سے ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا۔
آزاد کشمیر، وادی نیلم اور لیپہ میں رابطہ سڑکیں بند ہیں، زیارت اور کوئٹہ سمیت صوبے کے اکثرعلاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ سب سے زیادہ سردی بگروٹ اور گوپس میں پڑی جہاں پارہ منفی 05 تک جاپہنچا، زیارت میں منفی 7، قلات منفی 3، سکردو، مالم جبہ، ہنزہ منفی 04، کالام منفی03، استور، پاراچنار منفی 02 جبکہ اسلام آباد 09، کوئٹہ 06 لاہور 09، پشاور 11 اور کراچی میں 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔