لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ ساہیوال کی انکوائری رپورٹ آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، وزیر قانون بشارت راجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس آج لاہورمیں منعقد ہو گا جس میں آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری اور دیگر حکام شریک ہوں گے۔
اعلی سطحی اجلاس سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی کی اب تک کی تحقیقات کا جائزہ لے گا، جے آئی ٹی ایڈیشنل آئی جی اعجاز شاہ کی سربراہی میں دوسری رپورٹ تیار کر رہی ہے، اس رپورٹ میں خلیل، اسکی بیوی اور بیٹی کا قتل مس ہینڈلنگ قرار دیا گیا ہے جبکہ ذیشان سے متعلق جے آئی ٹی نے مزید شواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق دوسری رپورٹ جلد وزیراعلی پنجاب کو پیش کی جائے گی۔
دوسری جانب سانحہ ساہیوال کے مقتول خلیل کے بچوں کی کفالت کے لئے حکومت پنجاب نے اقدامات شروع کر دیئے، خلیل کے بچوں کو تعلیمی سہولیات کے لئے بہترین سکولوں میں داخل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ متاثرہ خاندان کے دیگرمسائل حل کرنے کے لئے بھی حکومتی تعاون جاری ہے۔