سانحہ ساہیوال کے ملزمان کا 15 روزہ ریمانڈ دے دیا گیا

Last Updated On 06 February,2019 11:35 pm

ساہیوال: (دنیا نیوز) سانحہ ساہیوال کے ملزمان کو 19 دن کے بعد آج انسداد دہشتگردی کورٹ میں پیش کر دیا گیا، عدالت نے ملزمان کا 15 دن کا ریمانڈ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال میں ملوث ملزمان کو آج پولیس کی درخواست پر سیشن جج اے ٹی سی شبیر حسین اعوان نے انسداد دہشتگردی کورٹ میں طلب کیا تھا۔

پولیس کی سخت سیکیورٹی میں ملزمان کو آج انسداد دہشت گردی کورٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کے چہروں کو کالے کپڑے سے مکمل طور پر ڈھانپ رکھا گیا تھا۔

سیشن جج شبیر حسین اعوان نے پہلے پانچ دن کا ریمانڈ دیا تھا جس پر ڈی ایس پی فلک شیر جو کہ جے آئی ٹی کے ممبر بھی ہیں نے سیشن جج کو درخواست کی کہ ملزمان کو لانے لے جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اس کے بعد سیکیورٹی وجوہات اور پولیس کی درخواست پر ریمانڈ پندرہ دن کا کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

ادھر سانحہ ساہیوال میں استعمال اسلحہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلحہ جے آئی ٹی نے گرفتار سی ٹی ڈی اہلکاروں سے لے کر فرانزک کے لئے بھجوایا۔

فرانزک کے لئے جمع کرائے گئے اسلحہ میں 4 رائفلیں اور تین نائن ایم ایم پستول شامل ہیں۔ سانحہ ساہیوال میں استعمال گولیاں اور خول پہلے جمع کرائے جا چکے ہیں۔ فرانزک سائنس ایجنسی نے اسلحہ کی حوالگی کا کئی بار مطالبہ کیا تھا۔

 

Advertisement