ساہیوال: (دنیا نیوز) پولیس نے سانحہ ساہیوال کے ملزمان کی شناخت پریڈ کےلئے دی گئی درخواست واپس لے لی،ساہیوال کے تھانہ یوسف والا کی جانب سے مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کو ملزمان کی شناخت کیلئے درخواست دی گئی تھی۔
سانحہ ساہیوال کے ملزمان کی شناخت پریڈ کے معاملے پر تازہ پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں ساہیوال پولیس نے عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست واپس لے لی۔ پولیس حکام کا موقف ہے کہ مدعی کے نہ آنے کے سبب یہ اقدام اٹھایا گیا۔
ساہیوال کے رہائشی خلیل اس کی بیوی، بیٹی اور دوست ذیشان سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ہاتھوں مبینہ فائرنگ میں رواں ماہ کی 16 تاریخ کو جاں بحق ہوگئے تھے جس پر ساہیوال پولیس نے تھانہ یوسف والا میں مقدمہ درج کرتے ہوئے 16 اہلکاروں کو ملزم ٹھہرایا گیا تھا۔ یاد رہے مقدمہ ورثا کے شدید احتجاج پر درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کی کارروائی کے دوران شناخت پریڈ کیلئے پولیس نے درخواست کی تھی تاہم آج وہ واپیس لے لی گئی۔