سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ایوان صدر سے روانہ

Last Updated On 18 February,2019 04:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ولی عہد محمد بن سلمان وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ایون صدر پہنچے، ولی عہد محمد بن سلمان کو گھڑ سوار دستے کے ساتھ خصوصی بگھی میں لایا گیا۔ ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت عارف علوی نے معز مہمان کا استقبال کیا۔

مخصوص لباس میں ملبوس گھڑ سوار مسلح افواج کا چاق و چوبند دستہ خصوصی بگھی میں معزز مہمان کو وزیر اعظم ہاؤس سے لے کر روانہ ہوا، ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیر اعظم خوشگوار موڈ میں دکھائی دئیے، جہاں وزیراعظم عمران خان خوش نظر آئے وہیں ولی عہد محمد بن سلمان کے چہرے پر بھی مسرت و شادمانی جھلکتی نظر آئی۔

ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت نے معزز مہان کو خوش آمدید کہا اور گرم جوشی سے ہاتھ ملایا۔ معزز مہمان کو خوش آمدید کہنے والوں میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری بھی شامل تھے۔

ادھر وزیراعظم ہاؤس میں آرمی چیف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کے دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل اصف غفور اور سعودی شاہی خاندان کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سعودی ولی عہد کو تحائف پیش کئے جن میں محمد بن سلمان کا پنسل سے بنایا پورٹریٹ اور گولڈ پلیٹڈ بندوق شامل ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے یہ بندوق خصوصی طور پر آرڈننس فیکٹریز واہ سے تیار کرائی ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرنے والے 10 رکنی وفد میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، وزیر مملکت علی محمد خان، حکومتی ارکان عامر ڈوگر، شبلی فراز، اعظم سواتی اور اورنگزیب اورکزئی شامل تھے۔ اپوزیشن کی نمائندگی مسلم لیگ ن کے راجہ ظفرالحق اور مشاہد اللہ خان نے کی، پیپلزپارٹی کی شیری رحمان خراب موسم کے باعث کراچی سے اسلام آباد نہ پہنچ سکیں۔
 

Advertisement