اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس چور ملک اور قوم کے دشمن ہیں، ان سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کے بجائے ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔
وزیرِاعظم کے زیر صدارت ٹیکس وصولی پر اہم اجلاس ہوا جس میں ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ عمران خان نے ایف بی آر کو ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کے لئے آسانی پیدا کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس چور قوم اور ملک کے دشمن ہیں، ان کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ ایف بی آر ان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرے، کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتے، ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے بدعنوان عناصر کےخلاف کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ہائی نیٹ ورتھ افراد کے چھ ہزار سے زائد کیسز زیرِ غور ہیں، اب تک ان سے 1.3 ارب کی وصولی کی جا چکی ہے جبکہ کل دو ارب سے زائد کی آمدن متوقع ہے۔ معلومات اور تحقیقات کے 66 کیسز سے بھی 1.5 ارب روپے سے زائد کی وصولی کی جا چکی ہے۔ ایف بی آر کے نئے اقدامات کی بدولت 24.818 ارب روپے کی وصولی متوقع ہے۔