اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان بدھ کو ملک کے 150 بڑے ٹیکس دہندگان سے ملاقات کریں گے اور سرٹیفیکٹس بھی تقسیم کریں گے۔ تقریب میں بڑے ٹیکس دہندہ کمپنیوں اور انفرادی ٹیکس دہندگان شریک ہوں گے۔
ایک سو پچاس بڑے ٹیکس دہندگان کے اعزاز میں تقریب کل وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان ٹاپ ٹیکس دہندگان میں قومی خدمات کے اعتراف میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کریں گے۔
وزیراعظم بڑے ٹیکس دہندگان کے ساتھ ٹیکس نیٹ بڑھانے اوردیگر معاملات پر مشاورت بھی کریں گے۔ وزیراعظم کو ایف بی آر کی کارکردگی اور بڑے ٹیکس دہندگان کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تقریب کے بعد کفایت شعاری مہم کے تحت وزیراعظم کے ساتھ ڈنر کو چائے اور ریفریشمنٹ میں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ تقریب میں او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور پی ایس او کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے، انڈس موٹرز، ہنڈا اٹلس، نیسلے پاکستان کے اعلی افسران بھی شرکت کریں گے۔
ملک کے تمام بڑے بینکرز بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، یو بی ایل، نیشنل بینک اور سلک بینک کے افسران شرکت کریں گے۔
موبائل فون اور ٹیلی کام کمپنیوں سمیت دیگر بڑی کمپنیاں کے افسران بھی شریک ہوں گے۔ انفرادی ٹیکس دہندگان میں سید شہر زاد حسن شاہ، عارف حبیب، حسن منشا کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق انفرادی ٹیکس دہندگان میں محمد یاسین، سید ارشاد احمد، عبدالغفار میمن، وزیر علی پردھان بھی موعو ہیں۔ وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر بھی شریک ہوں گے۔