اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس رواں ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں کلبھوشن یادیو کیس اور پلواما ڈرامے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، بری، بحری اور فضائیہ کے سربراہان شرکت کریں گے۔
اجلاس میں حساس اداروں کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ سیکیورٹی حکام شریک ہوں گے۔ دفاع، خارجہ، خزانہ اطلاعات کے وفاقی وزرا اور وزیر مملکت داخلہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔
حکام دفتر خارجہ کلبھوشن یادیو کیس پر بریفنگ دیں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی بھارت کے پلوامہ ڈرامے اور اس سے پیدا شُدہ صورتحال کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی غور کرے گی۔
اجلاس میں افغان امن عمل اور اس کی کامیابی کے لئے پاکستان کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کامیاب دورہ پاکستان پر بھی گفتگو کی جائے گی۔