اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے لئے سیکیورٹی کے فُول پُروف انتظامات کئے جائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی شرکت کی۔
وزیر اطلاعات، وزیر پیٹرولیم، مشیر تجارت، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، افتخار درانی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خزانہ شریک ہوئے۔
اجلاس میں محمد بن سلمان کی آمد کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ نے وزیراعظم کو سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وفد کے کئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، معزز مہمان کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان پہنچنے پر استقبال، پاکستان میں مصروفیات اور معزز مہمانوں کے لئے کئے جانے والے دیگر انتظامات کا خود جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کا پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے لئے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔ سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ آسان ویزہ اور کاروبار کے لئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لئے اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا، یہ ہے نیا پاکستان جس کی طرف آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔