کراچی: (دنیا نیوز) سعید غنی کا کہنا ہے کہ انکوائری کی بنیاد پر گرفتاری ہوسکتی ہے تو وزیراعظم کو بھی پکڑا جائے، کیا کسی پی ٹی آئی والے کے گھر پر ایسا چھاپہ ماراگیا ؟ احتساب کے نام پر تماشا ہو رہا ہے۔
پیپلزپارٹی رہنما، صوبائی وزرا اور ایم پی ایز احتساب عدالت پہنچ گئے۔ میڈیا سے بات چیت میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ اگر نیب دوران تفتیش گرفتار کرسکتی ہے تو وزیر اعظم و دیگر کو بھی کرے، احتساب کے نام پر تماشہ و کھلواڑ کیا جا رہا ہے، ہم اس کھیل کو جلد بے نقاب کرینگے۔
صوبائی وزیر شہلا رضا کا کہنا تھا آغا سراج درانی استغفی کیوں دیں ؟ کیا عمران خان اور پرویز خٹک نے استغفی دیا، ہم گرفتاریاں برداشت کرسکتے ہیں، اگر اہلخانہ کے ساتھ یہ سلوک جاری رہا تو پورا سندھ اسکا جواب دے گا۔
راشد ربانی اور وقار مہدی نے کہا کہ سپیکر آغا سراج درانی کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا ہے، ہم پاکستان کے جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔