دنیا نیوز نے بالاکوٹ پہنچ کر بھارتی جھوٹا دعوی بے نقاب کردیا

Last Updated On 26 February,2019 04:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دنیا نیوز کی خصوصی ٹیم بھارتی جھوٹ کا بھانڈہ پھوڑنے اور دنیا کے سامنے اسے ایکسپوز کرنے کیلئے اس علاقے میں پہنچی جہاں اںڈین طیاروں کے پائلٹس اپنی جان بچانے کیلئے بھاگتے ہوئے گولہ باردو پھینک گئے تھے۔

اس علاقے کا نام جابہ ہے جو مانسہرہ اور بالاکوٹ کے درمیان واقع ہے۔ یہ علاقہ خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 31 کا حصہ ہے۔ دنیا نیوز کی خصوصی ٹیم جب علاقے میں پہنچی تو اسے بھارتی جھوٹے دعوے کا کوئی ثبوت نہ ملا۔

دنیا نیوز کے سروے کے مطابق جابہ کے علاقے میں زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔ آج یہاں کا بازار اور سکول کھلے رہے۔ مقامی لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہے۔

مقامی لوگوں نے دنیا نیوز کو بتایا کہ انہوں نے پہاڑیوں پر دھماکے کی آوازیں تو ضرور سنیں لیکن کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ اگر کوئی جانی نقصان ہوا ہوتا تو یہاں امدادی ٹیمیں ضرور موجود ہوتیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔