شریف خاندان کی شوگر ملوں کی منتقلی سے متعلق نظر ثانی اپیلیں مسترد

Last Updated On 26 February,2019 06:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی شوگر ملوں کی منتقلی سے متعلق نظر ثانی اپیلیں مسترد کر دیں۔ سپریم کورٹ نے اتفاق اور حسیب وقاص شوگر ملوں کی جنوبی پنجاب سے منتقلی کا حکم دیا تھا۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دئیے کہ شوگر ملیں کہ انہیں کی ہیں جو اجازت دینے والے تھے۔

سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید شیخ نے پنجاب حکومت کے اجازت نامے سے متعلق ریمارکس دیے کہ جو فیصلہ کرنے والے تھے، انہی کی شوگر ملیں ہیں، شوگر پر سبسڈی ختم کریں شوگر ملوں کا مسئلہ خود بخود ختم ہو جائے گا۔ شوگر کی سپورٹ پرائس زیادہ ہونے کی وجہ سے ہم برآمد نہیں کر پاتے۔

اتفاق شوگر ملز کے وکیل ملک قیوم نے کہا کہ ہائیکورٹ نے کہا تھا کہ آپ شوگر مل کی منتقلی روکنے کے لیے حکومت کو درخواست دے سکتے ہیں۔ میرے موکل کی مل پاکپتن میں تھی جو بہاولپور لے گیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں حکومت کی اجازت کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

حسیب وقاص شوگر ملز کے وکیل سبطین فضلی نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب انڈسٹریز ایکٹ کے مطابق حکومت کی اجازت سے مل لگائی جا سکتی ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق بھی مل ایک سے دوسرے ضلع میں منتقل ہو سکتی ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ گنے کی فصل آبی ذرائع کیساتھ کپاس کی فصل کو بھی تباہ کر رہی تھی۔ کپاس کی فصل پاکستان کی سب سے بڑی نقد آور فصل ہے۔