اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، فضل فیلڈ سے گیس فراہمی کی سمری منظور

Last Updated On 05 March,2019 02:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 7 نکاتی ایجنڈے میں شامل پاکستان بناؤ سرٹیفیکیٹس کیلئے 18 کروڑ، فضل فیلڈ سے گیس فراہمی کی سمری اور ایف سی ہیڈ کوارٹر پشاور اور ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کیلئے اضافی گرانٹ منظور کر لی ۔

 

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا آج ہونے والا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا، اجلاس کیلئے پہلے 3 نکاتی ایجنڈہ منظور کیا گیا تھا جس میں مزید 4 نکات شامل کئے گئے۔ وفاقی وزیر خزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں کمیٹی نے پاکستان کی افغانستان سے متصل مغربی سرحد کی مینجمنٹ بہتر بنانے کے لیے فنڈز کی منظوری دی جس کیلئے وزارت داخلہ نے 76 کروڑ 88 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ طلب کی تھی، مزید برآں ایف سی ہیڈکوارٹر پشاور اورایف آئی اے ہیڈکوارٹر کیلئے بھی اضافی گرانٹ منظور کر لی گئی۔

وزارت خزانہ نے بینکوں کے کنسورشیم کیلئے رقم طلب کی تھی جس پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان بناو سرٹیفکیٹس کیلئے 18 کروڑ منظور کر لئے جبکہ رواں مالی سال کی سیپلیمنٹری گرانٹ بھی منظورکر لی گئی۔ فضل فیلڈ سے گیس فراہمی کی سمری کی منظوری بھی دیدی گئی۔