اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز عامر کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق صحت کا شعبہ اولین ترجیح ہے، اس شعبے میں بہتری لانے کے لیے صحت سہولت پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے مربوط حکمت عملی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ وزارت نے سائیکلینگ جیسی صحت مندانہ اور ورزشی سر گرمیوں کے فروغ کی شر وعات کی ہیں۔ جسمانی سرگرمیوں اور ورزش وغیرہ نہ ہونے کے باعث غیر متعدی امراض لا حق ہوتے ہیں۔ غیر متعدی امراض دنیا بھر میں زیادہ اموات کا باعث ہیں۔
وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق جسمانی سرگرمی میں کمی دنیا بھر میں ہونے والی اموات میں سے 6 فیصد اموات کی بڑی وجہ ہے۔ جسمانی طور پر فعال نہ ہونا بھی 27 فیصد افراد میں ذیابیطس اور 30 فیصد افراد میں دل کے امراض کا باعث بنتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت صحت نے غیر متعدی امراض کا باعث بننے والے عوامل سے نمٹنے کے لیے قومی ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ اس ضمن میں ٹاسک فورس اور ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس ایکشن پلان کے تحت غیر متعدی امراض کے کنڑول اور مینجمنٹ کو مربوط بنایا جائے گا۔