سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کل رم جھم کی پیشگوئی‌

Last Updated On 10 March,2019 01:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے تین صوبوں سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کل سے رم جھم متوقع ہے۔ بلوچستان میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، بولان اور سبی میں بادل خوب برسے، موسلادھار بارش سے بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

بارش کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا۔ کئی شہروں میں بارش، بولان اور سبی میں صبح سویرے میں بادل خوب برسے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج کوئٹہ، مکران اور قلات میں بھی تیز بارش کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، آج کراچی ڈویژن، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش متوقع ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کل (پیر) کو اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں اکثر مقامات پر بادل برسیں گے، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کا بھی خدشہ ہے۔

آج سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی سات ریکارڈ کیا گیا، استور میں منفی 06، ہنزہ منفی 03، مالم جبہ منفی 02 اور اسکردو میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 6، لاہور 10، فیصل آباد، ملتان 11، پشاور 7، کوئٹہ 2 اور کراچی میں 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔