لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش

Last Updated On 02 March,2019 01:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کراچی میں سرمئی بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے، چاغی میں طوفانی بارش سے ندی نالے بپھر گئے، بادل برسنے کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں گھنگھور گھٹائیں چھائی ہیں، مختلف علاقوں میں بوندا باندی نے موسم سہانا بنا دیا، خنکی میں بھی اضافہ ہوگیا، موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں کا موڈ بھی خوشگوار ہوگیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادلوں کا بسیرا ہے، آج بارش کا بھی امکان ہے۔

کراچی کا موسم بھی حسین ہے، بادلوں کے ڈیرے ہیں، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ کوئٹہ شہر میں برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا، شہریوں کے چہرے خوشی کھل اٹھے۔ چاغی میں طوفانی بارش سے ندی نالے بپھر گئے، شہر کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہوگیا، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی۔

دوسری طرف پہاڑوں پر بھی برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے، شگر میں مارچ کے مہینے میں برفباری نے لوگوں کو حیران کر دیا۔ برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مری اور گلیات میں بھی آسمان سے سفید موتی خوب برسے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے سرد ترین مقام استور رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ریکارڈ کیا گیا جبکہ کالام میں منفی 10، سکردو منفی 06، مالم جبہ منفی 05، ہنزہ منفی 03 اور دیر میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 5، لاہور 11، فیصل آباد 10، ملتان 12 ، پشاور 6 ، کوئٹہ 3 اور کراچی میں 17 ریکارڈ کیا گیا۔