لاہور: (دنیا نیوز) گرفتار انڈین پائلٹ کو بھارت کے حوالے کر دیا گیا، واہگہ بارڈر پر انڈین حکام کے سپرد کیا گیا۔ ابھی نندن نے اپنے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کی تعریف کی اور اعتراف کیا کہ پاک فوج بہت پروفیشنل فورس ہے، انڈین میڈیا ہر چیز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔
بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کر دیا۔ واہگہ بارڈر پر بھارتی ائیر فورس کے ونگ کمانڈر کو بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔
پاکستان کی طرف سے قیدی پائلٹ کے ساتھ شاندار سلوک کا مظاہرہ کیا گیا۔ گرفتاری کے بعد چائے سے تواضع ہوئی تو بھارت واپسی کے وقت کپڑوں کا تحفہ دیا گیا جو ابھی نندن نے زیب تن کر رکھا تھا۔ دوسری طرف بارڈر کراس کرنے پر بھارتی فوجی حکام نے اپنے افسر کو سلیوٹ تک نہ کیا بلکہ قیدی کی طرح پکڑ کر ساتھ لے گئے۔
کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی پہل
اس سے پہلے بھارتی پائلٹ ابھی نندن نے کہا کہ وہ پاکستان میں ٹارگٹ ڈھونڈنے کی کوشش کر رہا تھا کہ پی اے ایف نے اس کا جہاز مار گرایا، پیراشوٹ سے اترا، بھاگنے کی کوشش کی لیکن پرجوش پاکستانیوں نے پیچھا کیا۔ پاکستان آرمی کے افسر اور ایک جوان نے اسے بچایا، ہسپتال میں علاج کرایا گیا۔
بھارتی ونگ کمانڈر نے اعتراف کیا کہ پاک فوج بہت ہی پروفیشنل فورس ہے جس سے وہ بے حد متاثر ہوا۔ بھارتی پائلٹ نے اپنے ملک کے میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس کا کہنا تھا بھارتی میڈیا ہر چیز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے، چھوٹی سی چیز کو آگ اور مرچ لگا کر چھوڑتا ہے جس سے لوگ بہکاوے میں آجاتے ہیں۔
دوسری طرف ابھی نندن کی حوالگی پر بھارتی حکام نے خوشی کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں بھارتی حکام نے پائلٹ کا بہت خیال رکھنے پر پاکستان کی تعریف کی۔ بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کیا تھا۔