اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت نے تین روز کے دوران ہر واقعہ پر جھوٹ بولا اور ذلیل ورسوا ہوا۔ دنیا بھر نے پاکستان کی بھارت پر فتح کو تسلیم کر لیا۔
پاکستان جنگی اور سفارتی میدان کے ساتھ ساتھ اطلاعات کے محاذ پر بھی فتح یاب، بھارت کو ہر میدان میں عبرتناک شکست، ایک کے بعد ایک جھوٹ بے نقاب، آئی ایس پی آر کی جانب سے ہر موقع پر حقائق پر مبنی معلومات کی بروقت فراہمی، مودی سرکار اور بھارتی افواج آخر وقت تک جھوٹ پر جھوٹ بولتی رہیں۔
بھارتی جنگی طیاروں نے منگل کو علی الصباح پاکستان میں فضائی دراندازی کی اور بالا کوٹ کے قریب جنگل میں بم گرا کر فرار ہوئے تو پاک فوج کے ترجمان نے سب سے پہلے دنیا کو بھارتی جارحیت کی خبر دی اور متاثرہ جگہ کی تصاویر بھی جاری کیں۔ بھارت نے کئی گھنٹے بعد بالا کوٹ میں جیش محمد کا کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا مگر آج تک اس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
بدھ کے روز پاکستانی شاہینوں نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اس کا جنگی طیارہ مار گرایا اور پائلٹ کو گرفتار کیا تو بھی پاکستان نے ملبے اور پائلٹ کی ویڈیوز جاری کر کے سچ دنیا کو دکھایا۔ بھارت پہلے تو اپنا طیارہ مار گرائے جانے کی تردید کرتا رہا مگر بالاخر اسے سچ کو تسلیم کرنا پڑا۔
بھارتی حکومت نے پاکستان کا ایف سولہ طیارہ مار گرانے کا جھوٹا دعویٰ کیا مگر اس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ بھارتی آرمی نیوی اور ایئر فورس کے اعلیٰ افسروں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی تو ان کا جھوٹ کا پول کھل گیا، ان کے پاس اپنے میڈیا کے سوالات کا بھی کوئی جواب نہیں تھا۔
پاکستان کی ہر محاذ پر کامیابی کو دنیا بھر نے تسلیم کیا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایک آرٹیکل میں کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور فوج نے سچ کے ہتھیار سے بھارت کو ہر محاذ پر شکست دیدی ہے۔ اس سے پہلے اس شعبہ میں بھارت کو برتر سمجھا جاتا تھا مگر اس بار پاکستان نے جنگی محاذ کی طرح بھارت کی پروپیگنڈہ مشینری کو بھی ناکام بنا دیا۔