پاکستان کسی بھی جارحیت کا یقینی طور پر جواب دے گا: آرمی چیف

Last Updated On 01 March,2019 08:57 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا یقینی طور پر جواب دے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل سر نکولس پیٹر، آسٹریلیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل اینگس جان کیمبل اور امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف نے بھی آرمی چیف سے رابطہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کے علاوہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو، چینی سفیر یائو ژنگ اور امریکی سفیر کی بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات چیت ہوئی

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی عسکری اور سفارتی رہنماؤں سے پاک بھارت صورتحال پر بھی بات ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے واضح کیا کہ پاکستان ہر حال اپنے دفاع کے لیے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔