ایمرجنسی صورتحال کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، شوکت یوسفزئی

Last Updated On 28 February,2019 09:24 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت نے ایمرجنسی صورتحال کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، ایف سی اور فرنٹئیر کور کی ریکوزیشن کر دی گئی ہے۔

سول سیکرٹریٹ پشاور کے کیبنٹ روم میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے ہیں، اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔ مغربی اور مشرقی سرحدیں محفوظ ہیں، مغربی سرحدوں کے تمام چیک پوائنٹس پر فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ ایف سی اور فرنٹئیر کور کے لئے ریکوزیشن بھی کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ، محکمہ اطلاعات اور ضلع کی سطح پر کنٹرول رومز قائم کر دئیے گئے ہیں۔ تمام محکموں کو ایمرجنسی پلان دیا گیا ہے جبکہ تمام کمشنرز یونین کونسل کی سطح پر آگاہی مہم چلائیں گے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی صورتحال میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ایمرجنسی فنڈز خرچ کرنے کے ہدایت کر دی گئی ہے۔ سول ڈیفنس اداروں کو سرگرم کیا جا رہا ہے۔ کابینہ اجلاس میں خاصہ داروں کی تنخواہوں کا مسئلہ بھی اٹھایا گیا۔ محکمہ داخلہ کو ایک ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کابینہ نے لیویز آرڈیننس کی بھی منظوری دیدی ہے۔


 

Advertisement