اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اہم موڑ ہے، ہمارا عیار دشمن سے ہمارا واسطہ ہے، ہمیں اجتماعی بصیرت اور تدبر سے کام لینا ہوگا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سرحدوں کی خلاف ورزی سنگین جرم ہے۔ چار کلومیٹر بھارتی جہاز ہماری سرحد کے اندر آئے۔ 1971ء کے بعد پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی گئی لیکن پاکستان کے شاہینوں نے فوری موثر کارروائی کر کے 1965ء کی جنگ کی یاد تازہ کر دی۔ پاک فضائیہ کے جواب نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اس کامیابی پر ہماری بہادر مسلح افواج، پاک فضائیہ کے افسر اور جوان قوم کی تحسین کے حقدار ہیں۔
اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ نریندر مودی دہشت گرد ہیں، انہوں نے نریندر مودی نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا تھا۔ بھارتی وزیراعظم کو انسانیت کا قصائی بھی کہا گیا۔ ان کے اقتدار میں آتے ہی کشمیر کی وادی خون سے اور زیادہ سرخ ہو چکی ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بھارت نے تمام وعدوں کو پس پشت ڈال دیا ہے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت کا وعدہ پورا نہیں کیا۔ مسلمانوں کی جب بات آئے تو عالمی طاقتیں خاموش رہتی ہے۔ بوسنیا میں میں بچوں اور بیٹیوں کو شہید کیا گیا اور عالمی ضمیر سو رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی پاکستان نے انڈیا کے ساتھ تین جنگیں لڑیں اور اس کے بعد ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہمارے ستر ہزار لوگ شہید ہوئے۔ دنیا کے کسی ملک میں اتنی شہادتیں نہیں ہوئیں۔