لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹروں نے فوری طور پر دل کی دھڑکن درست رکھنے کے لئے پیس لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ دل کی بائیں شریان صحیح طور پر کام نہ کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کے دل کی بائیں شریان کے صحیح طور پر کام نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد اُن کے معالجین نے اگلے ہفتے مزید ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیر اعظم کو شریف میڈیکل سٹی لایا گیا جہاں معالجین نے ان کے مختلف ٹیسٹ کئے۔ اس موقع پر ان کی ای سی جی بھی کی گئی۔ معالجین نے ای سی جی میں بے ترتیبی پائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ دل کی دھڑکن کی ترتیب میں اتارچڑھاو معمول کے مطابق نہ ہونا اچھی علامت نہیں۔
ڈاکٹروں نے دل کی دھڑکن کو ترتیب میں لانے کے لئے ’پیس میکر‘ اور ’آئی سی ڈی‘ کی تجویز دی ہے۔ اس موقع پر معالجین نے محمد نوازشریف کی آنکھوں اور آنکھوں کے اندرونی حصے کا بھی مشین کے ذریعے معائنہ کیا اور ذیابیطس کے آنکھوں کے اندرونی حصوں پر اثرات کا جائزہ لیا۔
معالجین نے دل کی دھڑکن جانچنے کی جدید مشین کے ذریعے ’ہولٹر‘ اور ’ایکو‘ ٹیسٹ اگلے ہفتے کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔