یوم پاکستان پر ملی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ، کراچی سے کشمیر تک تقاریب

Last Updated On 24 March,2019 12:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھرمیں اناسی واں یوم پاکستان شایان شان انداز میں منایا گیا۔ مسلح افواج کی پریڈ نے خوب دل گرمائے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر بن محمد پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔ مسلح افواج کے دستوں نے مہمانان گرامی کو سلامی دی۔ تقریب میں صدر مملکت، وزیراعظم، وزیر دفاع سمیت فوجی سربراہان شریک ہوئے۔ چین، ترکی، سعودی عرب، آذربائیجان، بحرین اور سری لنکا کے دستوں نے بھی شرکت کی۔

ائیرچیف مجاہد انور خان کی قیادت میں پاک فضائیہ کے ایف سولہ طیاروں نے مہمانوں کو سلامی دی۔ جے ایف سیونٹین تھنڈر طیاروں نے اپنی مہارت دکھا کر خوب داد سمیٹی۔ ترک ہوا باز نے بھی ایف سکسٹین اڑا کر فضائی برتری کا مظاہرہ کیا۔

چینی ہوا بازوں نے قوس قزح کے رنگ بکھیرے اور کئی حیران کن فارمیشنز بنائیں۔ دوست ممالک بحرین، آزر بائیجان، سری لنکا، برونائی اور سعودی عرب کے پیرا ٹروپرز نے فری فال جمپ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

اس سے قبل شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کے دستوں نے پریڈ کی، قومی ترانہ پڑھا گیا۔ صدرمملکت عارف علوی نے مشترکہ پریڈ کا معائنہ کیا۔ فوجی بینڈز نے دلوں کو گرما دینے والی مسحورکن دھنیں فضا میں بکھیریں۔ سپیشل سروسز گروپ کے جوان مخصوص انداز میں سلامی دیتے ہوئے گزرے۔

 خواتین کے دستوں نے بھی پریڈ کا حصہ بن کر پذیرائی حاصل کی۔ بوائز سکاوٹس، گرلز گائیڈ، پنجاب رینجرز اور سندھ رینجرز، ایف سی خیبر پختونخوا، پاکستان آرمی سگنل اور انجینئرنگ کے دستے بھی پریڈ کا حصہ بنے۔ برادر اسلامی ممالک آذربائیجان اور سعودی عرب کے فوجی دستوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔ صدارتی باڈی گارڈز کے گھڑ سوار دستے بھی پریڈ میں شریک ہوئے۔

انفینٹری کی مختلف رجمنٹس کے دستے، میکنائزڈ انفنٹری، آرمڈ کور، الخالد، الضرار ٹینک اور مختلف رینج کے میزائل بھی پریڈ میں شامل کئے گئے۔ آرمی ایوی ایشن کوبرا، ایم ائی سیونٹین، پینک ہیلی کاپٹرز نے فلائی پاسٹ کیا۔

میزائل دستوں میں غزنوی، ابدالی، نصر اور کروز میزائل کے علاوہ براق ڈرون، راکٹ ڈیلیوری، مائن سسٹم بھی شامل رہے۔ صحرائی جہازوں پر مشتمل کیمل بینڈ کا دستہ بھی سلامی کے چپوترے کے سامنے سے گزرا۔

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کی ثقافت کو فلوٹس کے ذریعے رنگا رنگ انداز میں پیش کیا گیا۔ تقریب کا اختتام یوم پاکستان کے حوالے سے آئی ایس پی آر کے خصوصی نغمے دل دل کی آواز، ہر دل کی آواز پاکستان پر ہوا۔

 

Advertisement