کراچی: (دنیا نیوز) گورنر ہاؤس کراچی میں یوم پاکستان کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے 15 افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔
گورنرہاؤس میں ہونے والی تقریب میں نظامت کے فرائض چیف سکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے انجام دیے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پروفیسر ڈاکٹر شاہد اے سمیع، کلیم اللہ لاشاری، محمد احمد شاہ، سجاد علی، محمد بشیر فاروقی، اقبال علی لاکھانی اور محمد یونس ٹبہ کو ستارہ امتیاز جبکہ پروفیسر ڈاکٹرسروش حشمت لودھی، محمد شبیر جان، سیانی خاتون، تاج بلوچ اور صوفیہ یزدانی کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ وامق زبیری، سید صبیح الدین رحمانی اور سید علی عباس کو نمایاں کارکردگی پر تمغہ امتیاز کا اعزاز دیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اعزاز حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج اعزاز حاصل کرنے والے اپنے شعبوں کے ماہرین اور اس اعزاز کے صحیح معنوں میں حقدار ہیں۔
گورنر سندھ نےمزید کہا کہ اس اعزاز کے ذریعہ ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اعزاز پانے والے ملک کے نامور سپوت ہیں ،انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ آج اعزاز حاصل کرنے والوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنا فن کو زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک منتقل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔