اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے بھارت کو باور کرایا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ملک ہے لیکن ملکی سلامتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہوا جس میں ملک کو درپیش مسائل، سیکیورٹی اور خطے کی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو اور تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارتی رابطوں پر کابینہ کو بریف بھی کیا اور عالمی سطح پر ہونے والے رابطوں سے آگاہ کیا۔ وفاقی کابینہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اقدامات کو بھی سراہا۔
دنیا نیوز کے مطابق وفاقی کبینہ کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف دفاع کا بھرپور حق رکھتے ہیں۔ امید ہے بھارتی قیادت پاکستان کی امن کوششوں کا مثبت جواب دے گی۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان کا کسی طور شہریوں کو نشانہ بنانا مقصد نہیں تھا۔ جوابی کارروائی کا مقصد بھارت کو بتانا تھا کہ پاکستان جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔