اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان آج رات رابطے کا امکان ہے۔
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی کے آثار پیدا ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور نریندر مودی کے درمیان آج رات رابطے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے کچھ دنوں سے جاری بھارتی جارحیت اور دراندازی کا تحمل سے جواب دینے کی پالیسی اپنائی۔ وزیراعظم عمران خان سمیت تمام پاکستانی حکام نے اںڈیا کو بار بار باور کرایا کہ ہمارا ایک نکاتی ایجنڈا ہے جو صرف امن ہے، ہم بھارت کے ساتھ کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتے لیکن ہم پر کسی بھی قسم کا حملہ ہوا تو سوچا نہیں جائے گا بلکہ فوری جواب دیا جائے گا۔
26 فروری کو بالاکوٹ میں بھارتی طیاروں کی دراندازی کے بعد پاکستانی حکومت اور فوج نے عوام سے کیے گئے اپنے وعدے کو نبھایا اور بھارتی جارحیت کا جواب ان کے دو طیارے گرا کر دیا۔ اس کامیاب کارروائی میں انڈیا کا ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن بھی گرفتار ہوا جسے تمام سہولتیں پہنچائی جا رہی ہیں۔
آج عمران خان نے ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کو کل مورخہ یکم مارچ کو رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بات پھر بھارتی حکام پر واضح کر دیا ہے کہ ہمارے اس عمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم بھارت کو دہشتگردی سمیت تمام معاملات پر مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق اںڈین پائلٹ کو رہا کرنے کے اعلان کے بعد وزیراعظم عمران خان اور ان کے بھارتی ہم منصب کے درمیان آج رات ہی رابطہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔