اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی دراندازی پر پاکستانی عوام پاک فوج سے یکجہتی کیلئے سڑکوں پر آگئی، مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ عوام کا کہنا ہے ہر مشکل میں وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ ہیں۔
بھارتی جارحیت کے خلاف کوئٹہ میں تاجر برادری نے ریلی نکالی، ریلی کے شرکا نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ فیصل آباد میں پاک فوج کی حمایت میں الائیڈ ہسپتال کے ملازمین نے بھی ریلی نکالی۔ ملازمین کا کہنا تھا ملکی سلامتی کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ضلع باجوڑ میں بھی قبائلی عوام نے ریلی نکال کر پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ ہنگو اور لنڈی کوتل میں بھی مسلح افواج کی حمایت میں شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر آئی۔ پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے چلاس میں بھی شہریوں نے ریلی نکالی۔ کندھکوٹ اور پڈعیدن میں بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے پاک فوج اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔