اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے احتیاطی طور پر سمجھوتا ایکسپریس نہیں چلائی، پیر سے سمجھوتا ایکسپریس چلے گی، خطرہ کم ہو رہا ہے، بھارت کی لڑائی فوج نہیں اینکر لڑ رہے ہیں، جنگ ہوئی تو آخری ہوگی۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، ہماری پاک فضائیہ کا صلاحیتوں میں کوئی مقابلہ نہیں ہے، کل کے جواب کے بعد بھارت کی ایئر فورس کو سانپ سونگھ گیا، ہم جنگ نہیں چاہتے، ہمیں کشیدگی کم کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا پارلیمانی لیڈروں کے اجلاس میں آرمی چیف نے کہا جنگ مسئلے کا حل نہیں، وزیر اعظم نے کہا ہم تحقیقات کیلئے تیار ہیں، اگر جنگ ہوئی تو یہ آخری جنگ ہوگی۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ تاریخ کا دھاوا اور دائرہ بدل جائے گا اور لہریں قہر میں بدل جائیں گے، انڈیا کی لڑائی انڈیا کا اینکر لڑ رہا ہے، انڈیا میں فوج اور ایئر فورس نہیں لڑ رہی نہ لڑنے کی خواہش رکھ رہی ہے، کل کے واقعے کے بعد بھارتی اینکرز کا مورال ڈاون ہے۔ انہوں نے کہا ہندوستان اگر پاکستان کی طرف آیا تو پاکستان کی لہریں قہر بن کر ان پر ٹوٹ پڑیں گی۔