لاہور: (دنیا نیوز) کشیدگی ختم کرنے کیلئے پاکستان نے پہل کر دی، گرفتار پائلٹ کو رہا کرنے کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے، بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا، کچھ دیر بعد ابھی نندن کو بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا، دفترخارجہ کا سٹاف پہنچ گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی کے اعلان کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ بھارتی ائیر اتاشی جے ٹی کریاں وطن واپسی کے وقت ابھی نندن کے ہمراہ ہوں گے۔ واہگہ بارڈر پر پنجاب رینجرز کے خصوصی کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی اور روانگی سے متعلق بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ اور ایئر اتاشی گروپ کیپٹن جے ٹی کریاں سفری دستاویزات کے ساتھ لاہور میں موجود رہا۔ گروپ کیپٹن جے ٹی کریاں وطن واپسی کے موقع پر ابھی نندن کے ہمراہ ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خطے میں دیر پا قیام امن کیلئے بھارتی پائلٹ کو بھارت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو 27 فروری کو پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔