اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی اجلاس میں نہیں جاؤں گا، ترکی نے ہمارے موقف کی تائید کی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہے، بھارت او آئی سی کا رکن نہیں ہے، سیکریٹری جنرل او آئی سی بھی لاعلم تھے، یو اے ای نے ہر مشکل میں ہمارا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا یو اے ای سے درخواست کی بھارت کو دعوت کے فیصلے پر نظرثانی کریں یا اجلاس ملتوی کر دیں، فیصلہ کیا ہے کہ او آئی سی کے اجلاس میں نہیں جاؤں گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا مائیک پومپیو کے سامنے خطے کا تناظر اور پاکستان کا موقف پیش کیا، امریکی صدر نے ہنوئی میں ایک بیان دیا جو قابل غور ہے، انہوں نے کہا نہیں چاہتے خطے کا امن تباہ ہو، صدر ٹرمپ کے بیان کو سراہتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، نریندر مودی سیاست کیلئے فوجیوں کی ہلاکت کو استعمال کرنا چاہ رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا وزیراعظم نے ایوان میں کہا تھا خیر سگالی کے طور پر آج بھارتی پائلٹ رہا کریں گے، آج بذریعہ واہگہ بارڈر بھارتی پائلٹ کو روانہ کر دیا جائے گا۔