لاہور: (دنیا نیوز) سینٹری ورکرز کی پانچ روزہ ہڑتال کے باعث دوران لاہور کی شاہراہوں پرہزاروں ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ بکھر گیا۔ گلے کوچے بھی سالڈ ویسٹ سے اٹ گئے۔
لاہور میں ہر روز تقریباً پانچ ہزار ٹن سے زائد سالڈ ویسٹ پیدا ہوتا ہے۔ گزشتہ پانچ روز سے جاری سینٹری ورکرز کی ہڑتال کے باعث اس کی بمشکل نصف سے بھی کم مقدار ہی اُٹھائی جا سکی ہے۔
خود ذمہ داران کے اندازے کے مطابق شہر کی شاہراہوں پر 12 سے 15 ہزار ٹن کوڑا کرکٹ بکھرا پڑا ہے۔ اِس صورت حال پر شہری پھٹ پڑے ہیں۔
موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد یہ تنخواہیں نہ ملنے پر سینٹری ورکرز کی تیسری ہڑتال ہے۔ یہ صورت حال ایک مرتبہ پھر سینٹری ورکرز کی تنخواہوں کا چیک باؤنس ہونے کے باعث پیدا ہوئی۔
دوسری مرتبہ بھی چیک تکنیکی وجوہات کی بنا پر کیش نہ ہو سکا جس کا خمیازہ شہری بھگت رہے ہیں۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ صورت حال جلد بہتر ہو جائے گی۔