لاہور: (دنیا نیوز) سینٹری ورکرز کی تین روزہ ہڑتال کے باعث دوران لاہور کی شاہراہوں پر آٹھ ہزار ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ بکھر گیا، گلے کوچے بھی سالڈ ویسٹ سے اٹ گئے۔
لاہور میں ہر روز پانچ ہزار ٹن سے زائد سالڈ ویسٹ پیدا ہوتا ہے۔ گزشتہ تین روز سے جاری سینٹری ورکرز کی ہڑتال کے باعث اس کی بمشکل نصف مقدار ہی اُٹھائی جا سکی ہے۔
خود ذمہ داران کے اندازے کے مطابق شہر کی شاہراہوں پر آٹھ ہزار ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ بکھرا پڑا ہے، اس صورت حال نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد تنخواہیں نہ ملنے پر یہ سینٹری
ورکرز کی تیسری ہڑتال ہے۔ یہ صورت حال ایک مرتبہ پھر سینٹری ورکرز کی تنخواہوں کا چیک باؤنس ہونے کے باعث پیدا ہوئی۔
دوسری مرتبہ بھی چیک تکنیکی وجوہات کی بنا پر کیش نہ ہو سکا جس پر سینٹری ورکرز سٹرائیک پر چلے گئے۔ شہر کے پوش ایریاز میں تو صورت حال قدرے بہتر دکھائی دیتی ہے لیکن پسماندہ علاقوں میں کوڑے کرکٹ کے پہاڑ دکھائی دے رہے ہیں۔