باغبانپورہ میں مسلح افراد کی فائرنگ، 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق

Last Updated On 26 February,2019 02:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں پرانی دشمنی پر مسلح افراد نے قصائی کی دکان پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

باغبانپورہ کے علاقے میں دیرینہ دشمنی پر قصائی کی دکان پر 2 موٹر سائیکل سوار قاتلوں نے فائرنگ کر کے 2 بھائیوں سمیت 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزموں نے پہلے ہوائی فائرنگ کر کے دکان میں موجود گاہکوں کو بھگایا اور پھر سیدھی گولیاں چلا دیں۔ سگے بھائی 35 سالہ غنی اور 17 سالہ زین موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا رشتہ دار 20 سالہ معراج دین ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔

عینی شاہدین نے اندھا دھند فائرنگ کے واقعے کو ہولناک قرار دیا۔ ایس پی آپریشنز کینٹ شہباز الٰہی اور ایس پی انویسٹی گیشن محمد شاہنواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں افراد کو دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں قتل کیا گیا، دونوں ملزمان مریدکے میں اشتہاری ہیں، تحقیقاتی ٹیم جلد گرفتار کر لے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے تہرے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔