پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں ناکہ بندی پر رکنے کے اشارے پر نہ رکنے پر پولیس کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہو گیا، سی سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تین اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یکہ توت تھانے کی حدود توحید آباد پولیس چوکی کے قریب ناکہ بندی کے دوران بغیر نمبر پلیٹ مشکوک موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ اس دوران موٹر سائیکل سوار نے پوچھ گچھ کے دوران موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس اہلکاروں نے روکنے کے لیے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار پائوں پر گولی لگنے سے زخمی ہوگی۔
زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے توحید آباد چوکی انچارج ،ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل کو معطل کرتے ہوئے محکمانہ انکوائری کی ہدایت کر دی۔