لاہور: (روزنامہ دنیا) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے قائم جے آئی ٹی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر اہم شخصیات کو آج طلب کرلیا۔
شہباز شریف کے علاوہ حمزہ شہباز، چودھری نثار علی، رانا ثنااللہ، خواجہ آصف، پرویز رشید اور عابد شیر علی کو طلب کیا گیا۔ واضح رہے کہ عدالت کے حکم پر ماڈل ٹاؤن سانحہ کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی، اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنائی گئی ہے۔ جے آئی ٹی نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزموں کو طلب کیا ہے۔
سیاسی شخصیات کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے پی ایس او امداداللہ بوسال، سیکرٹری قانون نواز گوندل کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تمام افراد ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اپنے بیانات ریکارڈ کروائیں گے۔ نوٹس جے آئی ٹی کے کنوینئر ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن اقبال حسن شاہ کی جانب سے جاری کیا گیا۔
اس سے قبل بھی جے آئی ٹی بنائی گئی تھی لیکن اس کی رپورٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا تھا اس کے بعد عدالت کے حکم پر جے آئی ٹی بنائی گئی تھی۔