لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی لندن میں قیام میں توسیع کی درخواست منظور کر لی ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں حمزہ شہباز کی جانب سے لندن قیام میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی گئی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست منظور کرتے ہوئے 14 دن کی توسیع کر دی۔ جسٹس فرخ عرفان خان نے حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی۔
یاد رہے کہ حمزہ شہباز نے نومولود بیٹی کی صحت خرابی کے باعث بیرون ملک مزید قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ میں اس حوالے سے درخواست دائر کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز کی نومولود بیٹی کو عارضہ قلب، انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل
حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ حمزہ شہباز کی نومولود بیٹی کی لندن میں ہارٹ سرجری ہے، اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ وہ حمزہ شہباز کو مزید 15 روز لندن میں قیام کی اجازت دے، حمزہ شہباز بیٹی کی صحت یابی کے بعد فوری وطن واپس آ جائیں گے۔
گزشتہ روز خبر آئی تھی کہ پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز کے ہاں بیٹی عارضہ قلب میں مبتلا ہے۔ ڈاکٹروں نے بچی کی زندگی بچانے کے لئے والدین کو فوری آپریشن کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق نومولود بچی کو پیدائش کے فوری بعد انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے پیدائیش سے پہلے ہی بچی میں پیچیدگیوں سے آگاہ کیا تھا۔
حمزہ شہباز نے 27 نومبر کو لندن آنا تھا لیکن ای سی ایل میں نام ہونے کے باعث لندن کا سفر نہ کر سکے۔ حمزہ شہباز 3 فروری کو لندن آئے جہاں انہیں 13 فروری تک رہنے کی اجازت دی گئی تھی۔