لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے نواں کوٹ کی فرنیچر مارکیٹ پر 30 سے زائد افراد نے دھاوا بول دیا، معمولی سی بات پر سرعام فائرنگ کر دی جس سے دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ تین افراد تشدد سے زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
معمولی سی تلخ کلامی پر ہنگامہ برپا ہو گیا، لاہور میں نواں کوٹ کے علاقے میں دو گروپوں کے درمیان معمولی سی بات اتنی بڑھی کہ گولیاں چل گئیں۔ 30 سے زائد افراد نے فرنیچر مارکیٹ پر دھاوا بول دیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں سفید شلوار قمیض میں ملبوس مسلح شخص کو فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعے میں دو افراد گولیاں لگنے سے جبکہ 3 تشدد کے باعث زخمی ہوئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔