اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت و میڈیا عالمی برادری کو گمراہ کرنے کیلئے غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، پاکستان نے ایف سولہ طیارہ مار گرائے جانے کا بھارتی دعویٰ ایک مرتبہ پھر مسترد کردیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق ناکامیاں چھپانے اور سیاسی مقاصد کیلئے بھارتی عوام کو بھی گمراہ کیا جارہا ہے۔
پاکستان کا بھارتی حکومت اور میڈیا کے پروپیگنڈے پر ردعمل، ایف 16 گرانے کا دعوی اور پلواما حملے سے متعلق الزامات مسترد کر دیئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ایف سولہ جنگی طیارہ مارگرائے جانے کے بھارتی دعوے کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا۔ ترجمان کے مطابق امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کے باوجود بھارت کا جارحانہ رویہ برقرار رہے، وزیراعظم پاکستان نے امن کے پیغام کے طور پر بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوایا، بھارتی پائلٹ کی واپسی کو بھارت کے سوا پوری دنیا نے سراہا۔
بھارتی میڈیا اور حکومت جھوٹ بول کر عالمی برادری کو گمراہ کر رہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پلوامہ حملے میں ایل او سی سے دور مقامی شخص، مقامی گولہ و بارود اور گاڑیاں استعمال ہوئیں۔ وزیراعظم نے سب کے باوجود تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے بھارت سے ثبوت مانگے۔
بھارت نے 28 فروری کو ڈوزیئر بھجوا دیا جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، پیش رفت سے مناسب وقت پر آگاہ کیا جائے گا، پاکستان نے اپنی دفاعی حدود میں رہتے ہوئے دو بھارتی طیارے مار گرائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم سے روکے۔