اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور موجودہ صورتحال میں بہتری کا خواہاں ہے، پاک بھارت تعلقات میں بہتری سے خطے میں امن کو استحکام حاصل ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس میں پاک بھارت تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور موجودہ صورتحال میں بہتری کا خواہاں ہے، براہ راست رابطے اس ضمن میں اہمیت کے حامل ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 14 مارچ کو دونوں ممالک کرتار پور راہداری پر مشاورت کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری سے خطے میں امن کو استحکام حاصل ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود مشاورت کے اختتام پر نئی دہلی روانہ ہو جائیں گے۔