اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، تمام ترقیاتی کام سرکاری اداروں کے ذریعے کرائے جائیں گے۔
ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز آئندہ ماہ کیا جائے گا، ایک رکن اسمبلی کے حلقے میں 15 کروڑ روپے تک کے ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ کسی رکن قومی اسمبلی کو براہِ راست فنڈز جاری نہیں کئے جائیں گے بلکہ تمام ترقیاتی کام سرکاری اداروں کے ذریعے کرائے جائیں گے۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نعیم الحق کی سربراہی میں 12 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی قائم ہے جس میں اتحادی جماعتوں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ 100 سے زائد ارکان اسمبلی نے اپنی سکیمیں سٹیئرنگ کمیٹی کو جمع کرا دیں۔