لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا کہنا ہے اللہ کا بڑا کرم ہے میاں صاحب کی ضمانت ہوئی، عدالوں کے فیصلوں کا ہمیشہ احترام کیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی سپریم کورٹ سے ضمانت کے فیصلے کے بعد شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف صاحب گھر آئیں گے تو انکے علاج معالجہ کے حوالہ سے مشاورت کریں گے، آج کی ہمارے لئے سب سے اچھی خبر تو میاں صاحب کی ضمانت کی ہے، پارٹی کے تمام کارکنان اور عوام کو میاں صاحب کی رہائی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اللّہ کریم
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 26, 2019
ادھر سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت پر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم ہے۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کے لئے ضمانت منظور کی۔ عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں نواز شریف کو 50 لاکھ مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا نواز شریف ملک نہیں چھوڑ سکے، وہ 6 ہفتے میں اپنی مرضی کا علاج کراسکیں گے، نواز شریف 6 ہفتے بعد سرنڈر کریں گے، سرنڈر نہ کرنے پر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
نواز شریف کو رہائی کا پروانہ مل گیا، سپریم کورٹ نے 50 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کے عوض 6 ہفتوں کیلئے ضمانت منظور کر لی تاہم وہ ملک سے باہر نہیں جا سکیں گے۔ عدالت نے نواز شریف کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کچھ دیر بعد سنا دیا گیا۔