لاہور: (دنیا نیوز)شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کو خط لکھ دیا۔ انہوں نے کہا آپ کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے عوام نے متاثرین کے لئے ایثار و محبت، جذبے اور ہمدردی کی غیر معمولی انسانی عظمت کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کو خط میں لکھا کہ آپ نے دہشت گرد حملے کی مذمت کر کے دنیا پر عیاں کیا کہ دہشت گردی کا مذہب سے تعلق نہیں، جمعے کی اذان نشر کر کے اجنبیوں سے نفرت کے رویہ کو مسترد کیا، آپ کی قیادت میں نیوزی لینڈ نے عدم برداشت کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیا، آپ کے نیک طرز عمل اور قائدانہ جرات کو انسانی تاریخ موڑنے کے اقدام کے طور پر صدیوں یاد رکھا جائے گا، کاش دنیا کے دیگر رہنما بھی آپ کے طرز عمل سے سیکھیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی شہداء کی میتوں کی جلد وطن واپسی کے لئے اقدامات پر ذاتی حیثیت میں مادام وزیراعظم آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جراتمندانہ، مثالی اور بہادرانہ قیادت پر آپ کی تحسین اور شکریہ ادا کرتے ہیں، آپ نے ایک ایسے موقع پر یہ روشن طرز عمل اپنایا جب دنیا میں نفرت اور دیگر ممالک کے عوام سے بیزاری پھیلائی جا رہی ہے، ہم دعا گو ہیں کہ آپ اسی جذبے اور قوت سے حکومت کرتی رہیں، ہم آپ کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے لئے نیک تمناوں اور خیرسگالی کے جذبات پیش کرتے ہیں، قائد حزب اختلاف کی جانب سے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو باضابطہ طور پر خط ارسال کر دیا گیا۔