کراچی: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ حملے میں شہید ہونے والے اریب احمد کا جسد خاکی کراچی پہنچ دیا گیا جہاں ان کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی جبکہ تدفین سخی حسن قبرستان میں ہوگی۔
روشن مستقبل کیلئے سمندرپار جانے والا کراچی کا اریب احمد نیوزی لینڈ دہشتگرد حملے کا شکار ہوا، اریب کا جسد خاکی غیر ملکی پرواز ای کے 600 کے ذریعے صبح کراچی ایئرپورٹ پر پہنچایا گیا جہاں مقتول کے اہل خانہ کو میت حوالے کی گئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، میئر کراچی وسیم اختر اور وزیر بلدیات سعید غنی نے بھی کارگوٹرمینل پہنچ کر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دس روز بعد میت گھر پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا، رشتہ داروں، پڑوسیوں اور دیگر افراد کی بڑی تعداد فیڈرل بی ایریا میں اریب کے گھر پہنچی ہر شخص غمزدہ ہر آنکھ نم تھی۔ علاقے کی فضا سوگوار ہے، اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں، آنے والے اریب سمیت تمام شہدا کیلئے دعا گو ہیں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اریب کے والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہے، اریب کی فیملی کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے، وزیراعظم نیوزی لینڈ نے اپنے رویے سے عالم اسلام کا دل جیت لیا۔ انہوں نے کہا اس واقعہ کو دہشتگردی کے علاوہ کوئی نام نہیں دینا چاہیئے، اس کو وہی سزا ہونی چاہیئے جو سفاک قاتل کو دی جاتی ہے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا غیر قانونی اسلحہ پاکستان میں بھی موجود ہے، وزیراعظم عمران خان کراچی آ رہے ہیں، ان سے اسلحہ سے متعلق بات ہوگی۔ انہوں نے کہا دنیا میں اسلام کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے، اسلام ہمیں مل جل کر رہنے کی تعلیم دیتا ہے، ہمیں اس پیغام کو دنیا تک پہنچانا ہے، دہشتگردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اریب ماں باپ کا ایک ہی بیٹا تھا، پاکستان کو بھی اسلحہ قانون سازی پر نظر ثانی کرنی چاہیئے، وزیراعظم نیوزی لینڈ کے رویے کی مثال نہیں ملتی۔